آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

راولپنڈی:پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ    اور  مائیکروسافٹ اور گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ بل گیٹس    کے مابین   ٹیلی فونک رابطہ ہوا ،کوروناوائرس کی وبار سے نمٹنے کی حکمت عملی اور انسداد پولیومہم کی بحالی پر گفتگو ہوئی ۔

پاک فوج  کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے  ترجمان  میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکروسافٹ اور گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے بارے میں بتایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی حکمتِ عملی اور انسدادِ پولیو مہم کی بحالی پر گفتگو ہوئی ہے۔ 

بل گیٹس نے  کہا کہ پاک فوج کی انسدادِ پولیو مہم میں کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔مائیکروسافٹ اور گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج نے ہر جگہ انسدادِ پولیو مہم کی رسائی یقینی بنائی ، فائونڈیشن دنیا بھر میں وبائوں کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھے گی، انسداد پولیو مہم میں بھی  پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم ایک قومی کاز ہے ، پاکستان کو پولیو فری بنانا قومی مقصد ہے۔ انہوں نے کہا  کہ انسدادِ پولیو کی کوششوں میں رضا کاروں، سکیورٹی اہلکاروں اور ہیلتھ ورکرز کا کردار اہم ہے۔