سول ایوارڈ کیلئے نامزدگی پر گلو کار علی ظفر کا خوشی کا اظہار

سول ایوارڈ کیلئے نامزدگی پر گلو کار علی ظفر کا خوشی کا اظہار

اسلام آباد :پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کےلئے نامزدگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے اپنی ایک تصویر جاری کی اور ساتھ ہی لکھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جانا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

علی ظفر نے لکھا کہ میں اللہ کا بہت شکر گزار ہوں اور ہمیشہ اپنے مداحوں اور حامیوں کا مقروض رہوں گا۔گلوکار کے اس ٹوئٹ پر شفقت امانت علی اور کرکٹر شعیب اختر نے بھی انہیں مبارک باد دی۔علی ظفر کے ٹوئٹ پر جواب میں پاکستانی اداکار شان شاہد نے بھی خوشی کا اطہار کیا اور انہیں صدارتی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔

خیال رہے کہ علی ظفر کا شمار پاکستان کے نامور گلوکاروں میں ہوتا ہے اور وہ اداکاری کے میدان میں بھی قسمت آزما چکے ہیں۔علی ظفر نے 2010 میں اپنی پہلی بولی وڈ فلم میں کام کیا تھا اور 7 بولی وڈ فلموں کے بعد انہوں نے 2018 میں پاکستانی فلم انڈسٹری میں 'طیفا ان ٹربل' کے ساتھ ڈیبیو کیا تھا۔انہوں نے بولی وڈ میں 2010 کی فلم ’تیرے بن لادن‘ سے ڈیبیو کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ’میرے برادر کی دلہن‘، ’لندن پیرس نیویارک‘، ’چشمے بددور‘، ’ٹوٹل سیاپا‘، ’کل دل‘ اور ’تیرے بن لادن 2‘ میں کام کیا۔

رواں برس مارچ کو پاکستان سپر لیگ کے لیے ایک گانا جاری کرتے ہوئے واقعی 'میلہ لوٹ لیا' تھا جس کے بعد انہوں نے کورونا وائرس کے لیے بھی ایک گانا جاری کیا تھا۔انہوں نے ماضی کے مشہور گانے 'کو کو کورینا' کو تبدیل کرتے ہوئے 'کو کو کورونا' گانا تیار کیا تھا اور اس کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر بھی کی تھی۔

علاوہ ازیں علی ظفر نے لاک ڈاؤن کے دوران مداحوں کے لیے ایک غزل لکھی تھی جس کا عنوان انہوں نے ’سکون‘ رکھا تھا۔گلوکار علی ظفر نے گزشتہ روز کام کام کام کے عنوان سے ایک ترانہ بھی جاری کیا۔