پنجاب میں کورونا کیسز دوبارہ بڑھنے کا خدشہ

پنجاب میں کورونا کیسز دوبارہ بڑھنے کا خدشہ

لاہور: پنجاب میں شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پرعملدرآمد نہ کرنے کے باعث کورونا کیسز دوبارہ بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اس ضمن میں سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی اوز) اور کمشنرز کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔انہوں نے مراسلے میں وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث کورونا وبا کی دوسری لہر کا خطرہ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تمام پبلک مقامات پر چہرہ ڈھانپے رکھنے کا حکم بدستور موجود ہے، کورونا وبا کی دوسری لہر سے بچاوَ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں پچھلے 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید 747 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ مزید 9 افراد جاں بحق ہوئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 182 تک پہنچ چکی ہے اور مجموعی طور پر دو لاکھ 88 ہزار 47 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران 747 کورونا کے نئے کیسز اور 9 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 182 ہو گئی ہے۔پاکستان میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 15 ہزار 932 ہوگئی ہے۔

سندھ میں کورونا کے ایک لاکھ 25 ہزار 632 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب 95 ہزار 203، خیبر پختونخوا 35 ہزار 91، بلوچستان میں 12 ہزار 144، اسلام آباد میں 15 ہزار 346، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 179 اور گلگت بلتستان میں کورونا کیسز کی تعداد 2 ہزار 452 ہو گئی ہے۔