وطن عزیز کا 75 واں یوم آزادی ملی جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا  

The 75th Independence Day of the beloved homeland was celebrated with enthusiasm
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ملک کے طول وعرض اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں وطن عزیز کا 75 واں یوم آزادی ہفتہ 14 اگست 2021ء کو ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔

ایوان صدر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کے علاوہ سرکاری ونجی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کیا اور تحریک آزادی کے عظیم ہیروز کو گلہائے عقیدت پیش کئے۔

دن کا آغاز مساجد اور گھروں میں ملک اور قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائوں اور وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔

مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب بھی منعقد ہوئیں، مرکزی تقریب سے قبل سائرن بجائے گئے اور ہر قسم کی ٹریفک رک گئی۔

اہم سرکاری اور نجی عمارتوں کوبرقی قمقموں سے سجایا گیا اور ہو سو سبز ہالالی پرچموں کی بہار دکھائی دی اور فضائیں ملی نغموں کی دھنوں سے گونج اٹھیں۔

ہفتہ کو پوری قوم نے اندرون اور بیرون ملک یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا کہ ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنانے کیلئے تحریک پاکستان کے جذبہ سے کام کیا جائے گا۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ تمام سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے۔

پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پرچم کشائی کی ایسی ہی تقریبات ملک بھر میں صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر بھی منعقد کی گئیں۔ سرکاری و نجی عمارتوں اور سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹوں کو شاندار انداز میں سجایا گیا ۔

یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلہ میں قومی پرچم، جھنڈیاں بانیان پاکستان اور تحریک پاکستان کے مشاہیر کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کئے گئے۔ پاکستان ٹیلی ویژن، ریڈیو پاکستان اور دیگر ذرائع ابلاغ کی جانب سے اس دن کے موقع پر طویل دورانیے کی نشریات نشر کی گئیں اور اخبارات میں خصوصی ایڈیشن شائع ہوئے جبکہ سوشل میڈیا بھی یوم آزادی کے پیغامات کے حوالے سے خصوصی بینرز کے ساتھ متحرک رہا۔

صدر مملکت داکٹر عارف علوی نےپرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ اللہ تعالی نے ہماری قوم کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہونے کی صلاحیت سے نوازا ہے ،جھوٹی خبروں سے بچ کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ہے جس نے مسلمانان ہند کو مشکلات سے نکالا اور ایک قوم کے طور پر آزاد وطن میں جینے کا حق دیا، آزادی بہت بڑی نعمت ہے جس کا ہمیں احساس ہے، آزادی کےلئے برصغیر کی زمین مسلمانوں کے خون سے سرخ ہوگئی۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج پاکستان اپنی ذہانت کی وجہ سے دنیا کے ممالک میں اہم مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب افغانستان کے حالات خراب ہوئے تو اس کا اثر پاکستان پربھی پڑا اور پاکستان نے دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ اگر آج مغربی اور مشرق وسطی کے ممالک میں دیکھیں تو بڑی تباہی ہوئی لیکن پاکستان نے ایک لاکھ جانوں کی قربانی اور قومی معیشت کو پہنچنے والے 150 ارب ڈالر کے نقصان کو برداشت کرکے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور اس پر قابو پایا ، ہماری مسلح افواج کی قربانیوں اور جدوجہد کے نتیجہ میں ہم نے یہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

یوم آزادی کی تقریب میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا ، مسلح افواج کے سربراہان، مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے پوری پاکستانی قوم کو آزادی کے 74 سال مکمل ہونے اور75 ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قوم سے پودا لگا کر یومِ آزادی منانے کی اپیل کی گئی اس حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے حصے کا پودا لگانے کے بعد قوم کو آزادی کی مبارکباد دی۔ ا پنے ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے ماحولیات کے حوالہ سے پاکستان کی کامیابیوں کی فہرست پیش کی۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم کی اپیل پر ہم سب نے آج اپنے حصے کا پودا لگانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے پاکستان نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ملک بھر میں پرچم کشائی کے ساتھ ساتھ شجر کاری بھی کی گئی اور سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کی گئیں۔

یوم آزادی کے موقع پر نجی سطح پر بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا، سیاسی و مذہبی جماعتوں کی طرف سے بھی خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں اور اپنے اپنے دفاتر میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کیں۔ بچوں نے سبر ہلالی پرچم والے ملبوسات پہن کر اپنے انداز میں جشن آزادی منایا اور چہروں پر بھی قومی پرچم پینٹ کروائے۔

نوجوانوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے ریلیوں میں حصہ لیا اورپاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے وفاقی دارالھکومت میں سپورٹس کار و جیپ ریلی کا انعقاد کیا گیا جبکہ موٹر وے پولیس ہیڈ کوارٹر اور ریجنل دفاتر میں بھی پرچم کشائی ، شجر کاری اور کیک کاٹنے کی تقاریب منعقد ہوئیں، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے ہید کوارٹرز میں تقاریب کا اہتمام کیا۔

جشن آزادی کے موقع پر بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی شایان شان طریقے سے یوم آزادی منیا گیا، غیر ملکی سفرا اور تارکین وطن پاکستانیوں نے ان تقاریب میں شرکت کی۔ یوم آزادی کی تقاریب کے انعقاد کے موقع پر این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا گیا اور قومی پرچم والے فیس ماسک لگائے گئے۔

جشن آزادی کے سللسہ میں یکم اگست سے ہی ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں جگہ جگہ سبز ہلالی پرچموں کی جھنڈیوں، جھنڈوں، ملبوسات ٹوپیوں ، بیجز اور دیگر اشیاکے سٹال سجائے گئے تھے۔