گزشتہ 20 سال سے غار میں رہائش پذیر شخص نے کورونا ویکسین لگوا لی

A man who has lived in the cave for the past 20 years has been vaccinated against coronavirus
کیپشن: فائل فوٹو

بلغراد: یورپی ملک سربیا میں گزشتہ 20 سال سے ایک غار میں رہائش پذیر شخص نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ویکسین لگوا لی ہے۔

اس دلچسپ شخص کی عمر تقریباً 70 سال ہے۔ بیس سال قبل جانے اس کے من میں کیا آئی کہ اس نے دنیا کو تیاگنے کا فیصلہ کیا اور ایک غار میں جا کر پناہ لے لی، یہ شخص آج بھی اسی غار میں رہائش پذیر ہے۔

پانٹا پیٹرووِک نامی یہ سربین شہری نے اپنی جوانی میں کئی شادیاں کیں لیکن ان میں سے کوئی بھی کامیاب نہ ہو سکی۔ متعدد مرتبہ بے وفائی نے دنیا سے اس کا دل اچاٹ کر دیا تھا۔

ایک دن اس نے اپنا بوریہ بستر اٹھایا اور غار میں جا کر پناہ لے لی تاکہ انسانوں سے اس کا رابطہ نہ ہو سکے۔ یہ شخص بیس سال گزرنے کے بعد بھی آج تک غار میں ہی گوشہ نشین ہے۔

سربین میڈیا کے مطابق وہ ایک مرتبہ اشیائے ضروریہ لینے شہر گئے تو پتا چلا کہ دنیا کو عالمی وبا کورونا نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ پانٹا پیٹرووِک نے فوری طور پر اس مرض سے بچنے کیلئے ویکسین لگوائی بلکہ دوسروں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔

میڈیا سے گفتگو میں پانٹا پیٹرووِک نے کہا کہ کورونا وائرس دنیا میں کسی بھی جگہ پہنچ سکتا ہے، مجھے خدشہ ہے کہ میری غار بھی اس کے وار سے محفوظ نہیں رہے گی، میں اس سے بچنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہوں، میں نے طبی ماہرین کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے حفاظتی ٹیکے لگوا لئے ہیں، دوسروں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی ویکسی نیشن کرائیں۔