نواز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے: جاوید لطیف

نواز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے: جاوید لطیف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءجاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے اور وطن واپسی پر ان کا ایسا استقبال کریں گے کہ سب دیکھیں گے، عمران خان کے کردار کے حوالے سے غیر ملکی عدالت کا فیصلہ آ چکا مگر وہ اکیلا مجرم نہیں بلکہ ثاقب نثار بھی اس کے ساتھ مرکزی کردار ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے کردار کے حوالے سے غیر ملکی عدالت کا فیصلہ آچکا ہے، ایک شخص کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دے دیا گیا، عمران خان جیسے کردار مختلف ادوار میں اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں جبکہ وہ اکیلا مجرم نہیں بلکہ ثاقب نثار بھی اس کے ساتھ مرکزی کردار ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے والوں کو غدار قرار دیا گیا، قائد ملت لیاقت علی خان کو گولی لگی لیکن آج تک کچھ معلوم نہیں ہوا، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کو غدار کہا گیا، ایوب خان مادر ملت کا الیکشن چرا کر اقتدار پر قابض ہوئے، پاکستان کے اندھیرے دور کرنے والے نواز شریف کو ہائی جیکر بنا کر سزا دی گئی اور پھر پوری دنیا نے بعد میں مانا کہ ہائی جیکنگ کا الزام غلط تھا۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کمپنیوں نے عمران خان کو فنڈنگ کیوں کی؟ ہسپتال کو دئیے جانے والے پیسے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیسے ہو گئے؟ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا فیصلہ آنے کے باوجود ایک طبقہ جلسوں کی کال دے رہا ہے، آج روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے تو یہ احتجاج کی کال دے رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک بات یاد رکھیں ہم نواز شریف کو جیل میں نہیں جانے دیں گے بلکہ نواز شریف کا وطن واپسی پر ایسا استقبال کریں گے کہ سب دیکھیں گے، ریاستی ادارے آئین کے مطابق کام کریں گے تو ملک مشکلات سے نکل سکے گا۔ 

مصنف کے بارے میں