اسرائیل نے سعودی ولی عہد کو دورے کی دعوت دیدی

اسرائیل نے سعودی ولی عہد کو دورے کی دعوت دیدی

یروشلم: اسرائیلی وزیر برائے انٹیلی جنس کے ترجمان کے مطابق اسرائیل نے خواہش ظاہر کی ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اسرائیل کا دورہ کریں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر یہ بھی چاہتے ہیں کہ سعودی شاہ سلمان اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو سرکاری طور پر ریاض آنے کی دعوت دیں۔

ترجمان اریے شالیکار کے مطابق اسرائیل کاٹز نے یہ بات بدھ کے روز ایلاف نامی نیوز ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کی۔ اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ شائع کیے جانے والے انٹرویو میں یہ بات شامل کیوں نہیں کی گئی تاہم وہ اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ اسرائیل کاٹز نے یہ بات کی تھی۔

یاد رہے کہ ایلاف ویب سائٹ کے مالک ایک سعودی کاروباری شخصیت ہیں۔ اریے شالیکار نے اسرائیل کاٹز کے حوالے سے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ شاہ سلمان وزیراعظم نیتن یاہو کو سرکاری طور پر ریاض آنے کی دعوت دیں اور وہ محمد بن سلمان کو اسرائیلی دورے کی دعوت دیتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کاٹز نے یہ ہاتھ اس لیے بڑھایا ہے کیونکہ وہ علاقائی امن چاہتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں