عدالتوں اور اداروں کو سیاسی معاملات سے دور رہنا چاہیے : طلال چوہدری

عدالتوں اور اداروں کو سیاسی معاملات سے دور رہنا چاہیے : طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہےکہ حدیبیہ کیس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ عدلیہ کے وقار کی جیت ہے جب کہ اس سے اداروں کو سیکھنا چاہیے کہ وہ سیاسی معاملات سے دور ہوجائیں۔

حدیبیہ پیپرز ملز کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل کے اظہار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ یہ سیاسی نوعیت کے کیس ہیں جس پر مشرف کے دور آمریت میں بھی کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی لہٰذا عدالتوں کو اس طرح سیاسی طور پر بنائے گئے کیسز کو نہیں لینا چاہیے۔طلال چوہدری نے کہا کہ یہ فیصلہ عدالت کے وقار کی جیت ہے، اسی طرح پاکستان آگے بڑھ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں اور اداروں کو سیاسی معاملات سے دور رہنا چاہیے، اس سے ان کا وقار بحال رہتا ہے، اگر ہم سے کوئی غلطی ہوگی تو ہم اس کا اعتراف کریں گے لیکن اداروں کو غلطی نہیں کرنی چاہیے اس سے ملک کو نقصان ہوگا۔