جہانگیر ترین کو قربان کرکے پی ٹی آئی کو بچانا مقصود تھا، دانیال عزیز

جہانگیر ترین کو قربان کرکے پی ٹی آئی کو بچانا مقصود تھا، دانیال عزیز

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ سنادیا جس میں عمران خان کو اہل جب کہ جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیا ہے۔فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ عین سکرپٹ کے مطابق ہے جس میں عمران خان اور پی ٹی آئی کو بچانا مقصود تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ فیصلے پر اگر مختصر گفتگو کریں تو لائحہ عمل یہ نظر آتا ہے کہ جہانگیر ترین کو قربان کرکے، انصاف کا دکھاوا پیش کرکے عمران خان اور پی ٹی آئی کو بچانا مقصود تھا، یہ عین اسکرپٹ کے مطابق ہے، اس کے شواہد عمران خان کے دفاع میں یا دستاویزات میں ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک خودمختار ادارہ ہے اس کو پانچ سال تک محدود کردیا گیا، یہ پانچ سال کی کیا منطق ہے، جو بات نظر آرہی ہے یہ کہ الیکشن کمیشن پر پانچ سال کی قدغن لگائی، انہیں کھلا کیوں نہیں چھوڑ اگیا۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ سب کہہ رہے ہیں کہ پولیٹیکل انجینئرنگ ہورہی ہے، سپریم کورٹ بھی یہ بات کہہ رہی ہے۔