اسلام آباد: سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین کی نااہلی کیس کے فیصلے کے موقع پر مسلم لیگ (ن)اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر جمع ہوئی جس کے نتیجے میں صورت حال کشیدہ ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور ن لیگ کے وکلا و سیاسی رہنمائوں سے کمرہ عدالت نمبر ایک بھی کھچا کھچ بھر ا ہوا تھا۔ دونوں جماعتوں کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی کی جس کے نتیجے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔پولیس نے سیاسی کارکنوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی جبکہ شاہراہ دستور کو سپریم کورٹ کے سامنے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار صورت حال پر قابو پانے اور سپریم کورٹ گیٹ پر موجود مظاہرین سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی جبکہ واٹر کینن بھی منگوا لیا گیا۔