جہانگیر ترین کے نااہل ہونے کی خوشی نہیں ہوئی ، سعد رفیق

جہانگیر ترین کے نااہل ہونے کی خوشی نہیں ہوئی ، سعد رفیق

کراچی: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سیاستدانوں کوعدالتوں سے نااہل قرار دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جہانگیر ترین کی نااہلی پر خوشی نہیں ہوئی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جہانگیر ترین ہوں یا یوسف گیلانی کسی کے نااہل ہونے کی خوشی نہیں ہوئی کیونکہ سیاسی لڑائی کوعدالتوں میں لے جانا مسائل کا حل نہیں، میں سیاستدانوں کو عدالتوں کی جانب سے نااہل قرار دینے کے فیصلوں کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔
سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دور میں ملک کے حالات کافی بہتر تھے لیکن ملک کے منتخب وزیراعظم کوباہرکردیا جائے توایسا ممکن نہیں کہ زلزلہ نہ آئے، نواز شریف کو پہلی بار اس لیے نکالا کہ ایٹمی دھماکا کیوں کیا اب اس لیے نکالا کہ معاشی دھماکا کیوں کیا، ہمیں ساڑھے چارسال سے سکون سے کام نہیں کرنے دیا گیا، ہم دنیا کی ہر برائی ماتھے پر چسپاں کرکے بھی پرعزم ہیں۔