فخر ہے کہ خیبر پختونخوا تعلیم میں سب سے آگے ہے، عمران خان

فخر ہے کہ خیبر پختونخوا تعلیم میں سب سے آگے ہے، عمران خان

ٹنڈو محمد خان : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پہلے تعلیم کے میدان میں پنجاب آگے تھا لیکن مجھے فخر ہے کہ آج خیبر پختونخوا تعلیم میں سب سے آگے ہے۔
ٹنڈو محمد خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آج تعلیم کے میدان میں سندھ اور بلوچستان سب سے پیچھے رہ گئے ہیں ، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں کے منتخب نمائندوں نے تعلیم پر کوئی توجہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئے گی تو سندھ میں بھی تعلیم کا نظام ٹھیک کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ کوئی نیا پاکستان بنانے سے نہیں روک سکتا، ایک دن آئے گا جب اس ملک کے وزیراعظم کے بچے بھی سرکاری اسکولوں میں پڑھا کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ آج سندھ کے لوگوں کو سب سے زیادہ پریشانی یہاں کی پولیس سے ہے کیونکہ سندھ پولیس وزیروں اور حکمرانوں کے کہنے پر عوام کو تنگ کرتی ہے اور آئی جی سندھ کہتے ہیں کہ میرے نیچے پیسے لے کر پوسٹنگ ہوتی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس انٹرنیشنل معیار کی بن چکی ہے، جو قانون پر چلتی ہے اور کسی کے دباو¿ میں نہیں آتی، کے پی میں لوگ پولیس کی عزت کرتے ہیں اور سندھ میں لوگ پولیس سے ڈرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے پولیس کو تباہ کر دیا لیکن خیبر پختونخوا پولیس کی وجہ سے وہاں آدھے سے بھی زیادہ دہشت گردی ختم ہو گئی ہے۔