عمران خان کی جہانگیر ترین کو بطور سیکریٹری جنرل کام جاری رکھنے کی ہدایت

عمران خان کی جہانگیر ترین کو بطور سیکریٹری جنرل کام جاری رکھنے کی ہدایت

اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست منظور کرتے ہوئے جہانگیر ترین کو نااہل قرار دے دیاہے تاہم عمران خان کو اہل قرار دیاہے ،فیصلے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے جہانگیر ترین کو بطور سیکریٹری جنرل کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  ایک الزام پر نااہل کیا گیا جو ایک تکنیکی مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے خلاف تین الزامات تھے، پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف درخواست مسترد کی گئی جب کہ جہانگیر ترین کےخلاف درخواست میں دو الزامات مسترد کیے گئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کریں گے لیکن آج کے فیصلے سے ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا ہے، عمران خان اور جہانگیر ترین کا پاناما کے مافیا سے کوئی مقابلہ نہیں، ہمارے کیس کو جس طرح مقابلے پر رکھا گیا وہ خود بہت بڑی زیادتی تھی۔