میاں صاحب! آپ کو اللہ نے نکالا وسیلہ جج بنے، آصف زرداری

میاں صاحب! آپ کو اللہ نے نکالا وسیلہ جج بنے، آصف زرداری

ملتان : سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف فرعونیت کی انتہاوں کو چھو رہے تھے، یہ لوگوں سے پوچھ رہے ہیں انہیں کیوں نکالا، میاں صاحب! آپ کو اللہ نے نکالا وسیلہ جج بنے ۔
ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف پاکستانی عوام پر عذاب بن گئے تھے اور ان سے ملک کا کوئی طبقہ خوش نہیں تھا۔ان سے صرف ان کے قریبی چار پانچ افراد ہی خوش تھے جن پرمیاں صاحب نوازشات کی بارش کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کہتے ہیں کہ شاید حکومت جانے والی ہے تو میں کہتا ہوں کہ جانے والی نہیں بلکہ آپ کی حکومت جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر گھٹا ٹوپ اندھیروں میں دھکیل دیا ہے، انہیں سی پیک کی تعریف کرنا بھی نہیں آتا، اقتصادی راہداری کو انہوں نے قرض لینے والی ایجنسی سمجھ رکھا ہے۔سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کے خلاف ابھی تک کوئی سازش نہیں کی ہوسکتا ہے کل کر دیں۔
آصف زرادری کا مزید کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کو جب اقتدار ملا تو ملک ٹکڑوں میں تھا، مشرف ان کے سنیوں پر بیٹھا ہوا تھا ، نواز شریف خود ہی اس ڈکٹیٹر کو لائے تھے مگر ہم نے مشرف کو مکھن سے بال کی طرح نکالا تاکہ ملک کو کچھ نہ ہو۔