حکومتی دباؤ سے ڈرنے والا نہیں، گرفتاری خود دوں گا:احسن اقبال

حکومتی دباؤ سے ڈرنے والا نہیں، گرفتاری خود دوں گا:احسن اقبال

نارووال:ن لیگی سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے نارووال سپورٹس سٹی میں تحقیقات کے حوالے سے کہا ہے کہ حکومتی دباؤسے ڈرنے اور جھکنے والا نہیں، گرفتاری خود دوں گا۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپورٹس سٹی پر نیب بھی اپنا موقف میڈیا کے سامنے لائے، احتساب کے نام پر ملک میں ڈرامہ چل رہا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ تحقیقات کے بعد نیب مجھے سرٹیفکیٹ جاری کرے کہ 1993 میں میرے اثاثے زیادہ تھے یا آج۔

انہوں نے کہا کہ منفی پراپیگنڈہ اور کردار کشی سے جھکنے والا نہیں، سپورٹس سٹی کی منظوری وزارت منصوبہ بندی کے فورمز سی ڈی ڈبلیو پی نے دی تھی جبکہ اس کا ترقیاتی بجٹ کابینہ اور پارلیمنٹ سے منظور ہو کر لگایا جاتا ہے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری وزارت کسی تعمیراتی کام میں ملوث نہیں ہو تی، اس سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ مجھے بلیک میل کرنے کیلئے سپورٹس سٹی کے منصوبہ کو استعمال کیا جا رہا ہے۔