بے بنیاد مقدمات سے حکومت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، شاہد خاقان عباسی

Government will not get anything from baseless cases: Shahid Khaqan Abbasi
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف بے بنیاد مقدمات سے حکومت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایل این جی کے دو جہازوں پر ملک کا 11 ارب روپے کا نقصان ہوگا۔ یہ آج کی حقیقت ہے، حکومت کو یہ پیسے دینا ہوں گے، اگر نہیں دیں گے تو حکومت کو پاور پلانٹ تیل اور ڈیزل پر چلانا پڑیں گے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ایل این جی کے آرڈر بروقت نہ کرنے سے 122 ارب کا نقصان ملک کو ہوا ہے۔ حکمران یاد رکھیں، یہ کیس بھی آنے والے وقت میں بنیں گے۔ وزارت پٹرولیم یہ بتا دے کہ ایک سال میں ایل این جی کا کتنا خرچ ہے، جس وفاقی وزیر نے ایک سال میں ایل این جی پر اپنے پلانٹ چلائے، اس کی بچت کتنی ہے؟

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک سال میں ایل این جی کی امپورٹ میں کتنا نقصان ہوا ہے۔ بے بنیاد مقدمات سے حکومت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ پاکستان آئل کمپنی کا ڈی جی آئل جانوروں کا ڈاکٹر ہے۔ رپورٹ کی بنیادی وجہ میں حکومت کی غفلت سے 122 کا نقصان ہوا۔ آج 2 وزیر پھر آکر پریس کانفرنس کریں گے اور جھوٹ بولیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا جتنی پریس کانفرنس کرتے جاتے ہیں، اپنے لئے گڑھے کھودتے جاتے ہیں۔ آج سچ وزرا کی پریس کانفرنسز کی نذر ہوگیا، جھوٹ بات سامنے آتی ہے۔ آج وزیراعظم سے لے کر وزرا تک صرف جھوٹ بولنے کا کام رہ گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ سب پریس کانفرنسز سمیت ہر جگہ جھوٹ بولتے رہتے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کے بحران کی رپورٹ پر وزیراعظم کارروائی کریں۔ بحران کا تعین کرنا اپنی جگہ لیکن کارروائی ہونا وقت کا تقاضا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام اس حکومت کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں۔ یہ حکومت جتنی جلد جائے گی اتنا ملک کیلئے بہتر ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان نے کل جو بات کہی، وہی حقیقت ہے۔