کامران اکمل نے پی ایس ایل 7 سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا

کامران اکمل نے پی ایس ایل 7 سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا ہے اور وہ پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور زلمی کے کوچ اور ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے کامران اکمل سے ملاقات کی جس دوران قومی کرکٹر نے پاکستان کے سب سے بڑے ایونٹ سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لیا۔ 
محمد اکرم کا کہنا تھا کہ کامران اکمل ہمیشہ ہمارے اہم کھلاڑی رہے ہیں اور وہ آئندہ سال پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں بھی پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے جبکہ کامران اکمل کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی میری فیملی ہے۔
واضح رہے کہ کامران اکمل اتوار کے روز پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کیلئے پشاور زلمی کی جانب سے سلورکیٹیگری میں منتخب ہونے پر بطور احتجاج لیگ سے دستبردار ہوگئے تھے جن کا کہنا تھا کہ میں عزت اور وقار کیساتھ کھیلنا چاہتا ہوں۔ 
کامران اکمل نے سلور کیٹیگری میں منتخب ہونے کے بعد اپنے بیان میں کہا تھا کہ شاید اب ٹیم کو میری ضرورت نہیں رہی ،مجھے سلورکیٹیگری میں پک کرنے سے اچھا ہے نوجوانوں کو موقع دیں۔