ایڈم ووجز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ایڈم ووجز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

سڈنی: آسٹریلین کرکٹر ایڈم ووجز نے سر پر گیند لگنے کی وجہ سے ہونے والی انجری کے سبب انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ مہمان سری لنکن ٹیم کے خلاف آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کی قیادت سے ایک دن قبل انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کے ساتھ آخری میچ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم کے بہترین دو سال گزارے اور اس دوران میں ایک ایک منٹ سے لطف اندوز ہوا۔37 سالہ ایڈم ووجز ویسٹرن آسٹریلیا کے شیفلڈ شیلڈ کے میچ میں تسمانیہ کے خلاف سر پر گیند لگنے کے بعد بے ہوش ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے کوئی ٹیسٹ میچ نہ کھیل سکے۔ 35 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنانے والے ایڈم ووجز نے ایک بہترین وقت آسٹریلین ٹیم کے ساتھ گزارا لیکن گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف لگاتار دو ٹیسٹ میچوں میں ناکامی پر انہیں ڈراپ کر کے پیٹر ہینڈز کومب کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد 15 ٹیسٹ میچوں میں ان کی اوسط 95.50 تھی لیکن سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف بدترین سیریز کے بعد یہ گر کر 61.87 تک پہنچ گئی لیکن اس کے باوجود کم از کم 20 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بلے بازوں میں ان کی بیٹنگ اوسط عظیم بلے باز بریڈمین کے بعد سب سے بہترین ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں