پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ

پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد:حکومت کی جانب سے مہینے میں دوسری مرتبہ عوام پر پیٹرول بم گرا دیا گیا۔31 جنوری کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے  25 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 26 پیسے اضافہ کیا تھا اب ایک مرتبہ پھر  وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات  کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل 28 فروری تک کے لیے کیا گیا ہے جس کا اطلاق 15 فروری کی رات 12 بجے سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک، ایک روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، تاہم لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقرار رہیں گی اور قیمتیں زیادہ نہ بڑھانے سے حکومت 3 ارب روپے کا بوجھ برداشت کرے گی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ ایک سال کے دوران تیل کی قیمتوں میں 45 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، لیکن ہماری کوشش رہی ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم سے کم اضافہ کیا جائے۔