سات ماہ میں ایک ارب 83 کروڑ 7 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری

سات ماہ میں ایک ارب 83 کروڑ 7 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری

کراچی: رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت ایک ارب 83کروڑ 7لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی ایک ارب 19کروڑ 86لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سے 63کروڑ 20لاکھ ڈالر(52.7فیصد) زائد ہے۔

سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق سات ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 10کروڑ 49لاکھ ڈالر کا اضافے سے ایک ارب 5کروڑ 66لاکھ ڈالر کے مقابلے میں ایک ارب 16کروڑ 15لاکھ ڈالر رہی جو 10فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔ رواں مالی سال کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی آمد(انفلوز) کے ساتھ انخلاء (آؤٹ فلوز) میں بھی کمی کا رجحان رہا۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ایف ڈی آئی کے انفلوز کی مالیت ایک ارب 61کروڑ 20لاکھ ڈالر جبکہ آؤٹ فلوز کی مالیت 55کروڑ 54لاکھ ڈالر رہی تھی رواں مالی سال کے دوران انفلوز کی مالیت ایک ارب 45کروڑ 85لاکھ ڈالر جبکہ آؤٹ فلوز کی مالیت 29کروڑ 70لاکھ ڈالر رہی۔ رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری منفی 35کروڑ 47لاکھ ڈالر رہی۔

سات ماہ کے عرصے میں فارن پبلک انویسٹمنٹ 56کروڑ 82لاکھ ڈالر اضافے سے ایک ارب 2کروڑ 39لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 45کروڑ 57لاکھ ڈالر کی فارن پبلک انویسٹمنٹ سے 124.7فیصد زائد ہے۔

مصنف کے بارے میں