ویرات کوہلی جیسا بلے باز بننا چاہتا ہوں: بابر اعظم

ویرات کوہلی جیسا بلے باز بننا چاہتا ہوں: بابر اعظم

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اور کراچی کنگز کے کھلاڑی بابر اعظم نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی ایک بڑے اور تجربے کار کھلاڑی ہیں، ہمیشہ سے انہیں فالو کرتا آیا ہوں، کوہلی جیسا کرکٹر بننے کی خواہش ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی بہترین کرکٹر ہیں، ان جیسا کھلاڑی بن نہیں سکتا لیکن کوشش کرتا ہوں، لوگوں کی تنقید اپنی جگہ میری پوری توجہ کرکٹ پر ہے۔


انہوں نے کہا کہ بہترین پرفارمنس دینے کے لیے محنت کر رہا ہوں، پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے، اہم بات فٹنس کی ہے آپ جتنا فٹ رہیں گے اتنی اچھی فیلڈنگ اور بیٹنگ رہے گی۔

گزشتہ سال سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداحوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں جبکہ میں نے اپنا کیریئر ابھی شروع کیا ہے میرا اور ویرات کوہلی کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔


یاد رہے گزشتہ ماہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جاری کردہ ٹی 20 بلے بازوں کی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑی بابر اعظم کی رینکنگ میں واضح بہتری آئی ہے اور وہ 11 ویں نمبر سے سیدھے مختصر فارمیٹ کرکٹ کے نمبر ون کھلاڑی بن گئے ہیں۔

خیال رہے بابر اعظم پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ بہت کم لوگ ہی جانتے ہوں گے کہ انہیں ٹیم میں ان کے نام بابر اعظم سے نہیں بلکہ ’’بوب سے‘‘ کہہ کر پکارا جاتا ہے۔