لوئر اورکزئی ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکا، قبائلی رہنما جاں بحق

لوئر اورکزئی ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکا، قبائلی رہنما جاں بحق

پشاور: لوئر اورکزئی ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں ایک قبائلی رہنما جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بارودی سرنگ کا دھماکا لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے تورسمت میں ہوا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ قبائلی رہنما اورکزئی ایجنسی سے ہنگو آرہے تھے کہ ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک قبائلی رہنما ملک شاہ موقع پر جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

گزشتہ دنوں شمالی وزیرستان کے علاقے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو بھائی زخمی ہو گئے تھے تاہم ان میں سے 5 سالہ بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا تھا۔

واضح رہے کہ 2014 سے قبل فاٹا کی شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی سمیت 7 ایجنسیز کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا تھا۔

گزشتہ سال 24 دسمبر 2017 کو شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ اس سے قبل 2 دسمبر 2017 کو شمالی وزیرستان کے پہاڑی سلسلے میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کر کے پاک فوج کے 2 جوانوں کو شہید کر دیا تھا۔

13  نومبر 2017 کو وفاق کے زیر انتظام علاقے (فاٹا) کی ایجنسی باجوڑ میں پاک افغان سرحد کے قریب قائم چیک پوسٹ پر دہشت گروں کے حملے میں 2 فوجی جوان شہید جبکہ 4 زخمی ہو گئے تھے۔

15  جون 2017 کو پاک فوج نے خیبرایجنسی کے تمام علاقوں میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن خیبر 4 کا آغاز کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں