بھارت نے کوئی غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، لیفٹیننٹ(ر)نعیم خالد لودھی

بھارت نے کوئی غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، لیفٹیننٹ(ر)نعیم خالد لودھی
کیپشن: فوٹؤ بشکریہ ۔۔۔ سکرین گریب۔۔۔ یوٹیوب

اسلام آباد: پاکستان کے دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ(ر)نعیم خالد لودھی نے کہا ہے کہ ہماری افواج چوکس ہیں ، بھارت نے کوئی غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے ۔

پلوامہ حملے کے بعد بھارت میں اور بھارتی میڈیا پر جس قسم کا ماحول بنایا گیا ہے تو ایسی صورت میں ہمیں آج رات ہی فوجوں کو ہائی الرٹ کر دینا چاہیئے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ پچھلے دو سالوں سے بھارتی فوج نے جو ظلم برپا کیا ہواہے تو کیا کشمیری ان کے گلے میں پھولوں کے ہار ڈالیں گے ؟

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے یہ کرنا ہوتا تو کس طرح ممکن تھا کہ ایک طرف افغانستان کا مسلہ حل ہونے جارہاہے اور دوسری طرف سعودی ولی عہد پاکستان آرہے ہیں ، یہ بہت نازک صورتحال ہے ،مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج پر حملہ کوئی معمولی بات نہیں ہے ۔بھارت کو چاہیئے کہ اس واقعہ کی تحقیقات کروائے اور پاکستان کو بھی اس میں شامل کرے ۔

ان کا مزید کہناتھا کہ بھارتی میڈیا پر جس طرح کا ماحول پیدا کیا جارہاہے اس کو دیکھتے ہوئے ہمیں آج رات ہی افواج کو ہائی الرٹ کر دینا چاہیے ،اور ہر طرح کی تیاری رکھنی چاہیے ۔