اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آج رہا کیا جائے گا

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آج رہا کیا جائے گا
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آج سب جیل سے رہا کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کوآج سب جیل سے رہا کیا جائے گا، شہبازشریف کا ذاتی سکیورٹی سٹاف لاہورسے منسٹر کالونی پہنچ گیا ہے جب کہ سب جیل حکام کو شہبازشریف کی ضمانت پررہائی کے لئے عدالتی روبکار کا انتظارہے۔

رہائی کے ساتھ ہی منسٹر کالونی میں شہبازشریف کے گھر کو دیا گیا سب جیل کا درجہ ختم ہوجائے گا جب کہ وہ منسٹرانکلیو سب جیل سے رائے ونڈ جائیں گے اوراپنی والدہ سے ملاقات کریں گے۔

گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اور رمضان شوگر ملز میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوراً رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔