نواز شریف کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا

نواز شریف کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا
کیپشن: نواز شریف اسپتال جانے کے لیے راضی نہیں تھے، جیل ذرائع۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی معائنے کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جیل ذرائع کے مطابق نواز شریف اسپتال جانے کے لیے راضی نہیں تھے اور نواز شریف چاہتے ہیں کہ ان کا علاج جیل میں ہی ہو یا پھر لندن میں پہلے والے معالج کے پاس ہو جن سے وہ پہلے علاج کرا چکے ہیں۔

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جناح اسپتال روانگی سے قبل ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا طبی معائنہ کیا ۔ نواز شریف کے بلڈ پریشر اور شوگر سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے جب کہ نواز شریف کو آج بھی ہلکا بخار ہے۔

ذرائع کے مطابق جناح اسپتال میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسپتال میں تین شفٹوں میں اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ایلیٹ فورس اور سادہ لباس میں الگ، الگ نفری تعینات ہو گی جب کہ نواز شریف کے کمرے کو سب جیل ڈیکلییر کر دیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق نواز شریف کے وارڈ کے باہر جیل عملہ تعینات ہو گا اور صرف حکومت کے تشکیل کردہ ڈاکٹرز کے بورڈ کو کمرہ تک رسائی ہو گی۔ نواز شریف کے کمرے کو جانے والے راستے پر تمام ڈاکٹرز اور رشتہ داروں کی 3 جگہ چیکنگ کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے پر کوٹ لکھپت جیل سے جناح اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، نواز شریف کی ناسازی طبیعت کے سبب میڈیکل بورڈ نے انہیں جناح اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔