پاکستان میں مہنگائی کم ہو گی اور معیشت میں مزید بہتری آئے گی، آئی ایم ایف

پاکستان میں مہنگائی کم ہو گی اور معیشت میں مزید بہتری آئے گی، آئی ایم ایف
کیپشن: مہنگائی میں ڈالر کے ایکس چینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہو گئے ہیں، آئی ایم ایف۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: آئی ایم ایف ہیڈ کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں ڈالر کے ایکس چینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہوئے ہیں، پاکستان میں مہنگائی کم ہوجائے گی۔پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کااعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں آئی ایم ایف مشن ہیڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان سے مذاکرات تعمیری اور مثبت رہے، پاکستان نے اصلاحات پر عمل درآمد کیا، پاکستان کی معیشت میں بہتری توقعات سے بڑھ کر ہے۔

آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق مہنگائی میں ڈالر کے ایکس چینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہوگئے ہیں اور ایکس چینج ریٹ حقیقت کے قریب ہے پاکستان میں مہنگائی کم ہوجائے گی، پاکستان میں مالیاتی خسارہ کم ہوا اور زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں، محصولات کے بڑھنے کی شرح حوصلہ افزا ہے، آمدن بڑھنے سے سماجی شعبے کے لیے فنڈز بڑھائے گئے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مذاکرات کی تکمیل کے بعد جائزہ مشن اپنی رپورٹ آئی ایم ایف بورڈ کو پیش کرے گا، جس کی روشنی میں آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 45 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا، 6 ارب ڈالر میں سے پاکستان کو 1 ارب 44 کروڑ ڈالر پہلے ہی مل چکے ہیں۔