بھارتی فوج کی ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر گولہ باری، 13 سالہ بچی زخمی

بھارتی فوج کی ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر گولہ باری، 13 سالہ بچی زخمی
کیپشن: بھارتی فوج نے نیزا پیر اور رکھ چکری سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 13 سال کی بچی زخمی ہو گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے نیزا پیر اور رکھ چکری سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی گولہ گرنے سے زخمی بچی کو قریبی مرکز صحت منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی فوج نے گزشتہ دنوں کوٹلی کے گاؤں جبار، سندھارا، سنبل گلی اور دبسی کو نشانہ بنایا تھا۔ پاک فوج بھرپور جوابی کارروائی کرکے دشمن کی گنوں کو خاموش کرا دیا تھا.

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے جندروٹ اور نکیال سیکٹر میں مارٹرز اور بھاری توپ خانہ کا استعمال کیا گیا تھا۔

فائرنگ کے نتیجے میں 2 بچوں اور 2 خواتین سمیت 10 شہری شدید زخمی ہوئے تھے جنھیں قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا تھا۔