پاکستان تحریک انصاف  کے سینئر رہنما نعیم الحق انتقال کر گئے

پاکستان تحریک انصاف  کے سینئر رہنما نعیم الحق انتقال کر گئے
کیپشن: Image Source: File Photo

کراچی:  حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف  کے سینئر رہنما نعیم الحق انتقال کر گئے۔


تفصیلات کے مطابق ، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق گزشتہ چند دنوں سے بیمار تھے، انہیں کینسر کی بیماری تھی اور کافی عرصے سے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل تھے۔ 
 
ذرائع کے مطابق ہسپتال میں داخل ہونے والے پی ٹی آئی سینئر رہنما نعیم الحق کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد نعیم الحق کو کراچی کے آغا خان ہسپتال منتقل کیا گیا۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق انتقال کر گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نعیم الحق نے شیروں کی طرح کینسر کی بیماری کا مقابلہ کیا۔ ایک دوست، بڑے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ اللہ تعالیٰ نعیم الحق کی بخشش کرے۔

دوسری طرف گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی سینئر رہنما کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق عمران خان کے دکھ، سکھ کے ساتھی رہے، نعیم الحق کینسر جیسے موذی مرض کے ہاتھوں شکست کھاگئے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق وزیراعظم عمران خان کے کافی دیرینہ دوست تھے، وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے دورے کے دوران ان کے گھر جا کر عیادت کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے انہیں معاون خصوصی برائے سیاسی امور کا عہدہ دیا۔

نعیم الحق کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے بانی اراکین میں ہوتا تھا، وہ پاکستان تحریک انصاف میں مختلف عہدوں پر بھی کام کر چکے تھے۔