میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، چیئرمین نیب کی ہدایت

Mega corruption cases to be brought to logical conclusion: NAB chairman
کیپشن: فائل فوٹو

 اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے قومی ادارے سے وابستہ تمام افسروں کو ہدایت کی ہے کہ بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے میگا کرپشن کے مقدموں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔

گزشتہ روز قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ عدالتوں میں ریفرنس دائر کئے جائیں تاکہ قوم کی لوٹی ہوئی رقم کی واپسی ممکن بنائی جا سکے۔

چیئرمین نیب نے افسران سے کہا ہے کہ وہ دستاویزی ثبوتوں اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تمام شکایات اور انکوائریوں کو میرٹ پر مکمل کریں تاکہ ایسے عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے تو ملک وقوم کیخلاف بدعنوانی میں ملوث ہیں۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف بھی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے اس معاملے میں تفتیش کو بھی وسیع اور تیز کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے قومی احتساب بیورو پوری تندہی سے کام کر رہا ہے اور اس کیلئے پرعزم ہے۔ ہماری عمدہ کارکردگی کی نشاندہی ہمارے اعدادوشمار کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت عدالتوں میں 1230 کرپشن ریفرنسز کی سماعت ہو رہی ہے اور ان کی مالیت لگ بھگ 9 سو 47 ارب روپے بنتی ہے۔

جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ سوالیہ دستاویزات، فنگر پرنٹ اور ڈیجیٹل فارنزک کی سہولت کی حامل راولپنڈی میں قائم لیبارٹری کی مدد سے تفتیش کو بہتر بنانے میں ہمیں بہت کامیابی حاصل ہوئی ہے۔