امریکا کی ٹاپ سپر ماڈل کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد، ملزم گرفتار

Former model Rebecca Landrith found dead in Pennsylvania
کیپشن: فائل فوٹو

پنسلوینیا: امریکا میں ایک دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سابق ٹاپ سپر ماڈل کو ہائی وے پر بیدردی سے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کو کم وبیش 18 گولیاں ماری گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق قتل ہونے والی سپر ماڈل کا نام ریبیکا لینڈریتھ ہے، مقتولہ کی عمر 47 سال تھی۔

ریبیکا لینڈریتھ کی لاش کو سب سے پہلے ہائی وے پر پیٹرولنگ کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار نے دیکھا۔ اس نے فوری طور پر امدادی ٹیموں اور اپنے حکام کو اطلاع دی۔

لاش کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیئے۔ پولیس کے مطابق لاش کے چہرے، ہاتھوں اور جسم کے دیگر حصوں پر اتنی گولیاں ماری گئی تھیں کہ اسے شناخت کرنا مشکل ہو رہا تھا۔

پولیس نے لاش کی تلاشی لی تو مقتولہ کی جیب سے ایک ایسی پرچی ملکی جس سے قاتل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق پولیس نے اپنی ابتدائی تفتیش میں اس بات کا پتا چلایا ہے کہ ریبیکا لینڈرتھ کو قتل کہیں اور کیا گیا تھا لیکن اس کی لاش کو بعد ازاں لا کر پنسلوینیا ہائی وے پر پھینکا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ماڈل ریبیکا لینڈرتھ کے قتل میں ملوث ملزم ایک ٹرک ڈرائیور ہے جسے گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں وہ ٹرک بھی برآمد کر لیا گیا ہے جس میں مقتولہ کی لاش کو رکھ کر ہائی وے پر لایا گیا ہے۔

ملزم نے ریبیکا لینڈرتھ کو کیوں قتل کیا اور اس کے پیچھے کیا وجوہات تھیں، پولیس اس بات کا کھوج لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ ریبیکا لینڈرتھ کا شمار امریکی ریاست ورجینیا کی ٹاپ ماڈلز میں ہوتا تھا، وہ 2014ء میں مس مین ہیٹن کے فائنلسٹ میں بھی شامل ہوئی تھیں، تاہم عمر بڑھنے کی وجہ سے انہوں نے کچھ عرصہ قبل ماڈلنگ کے شعبے کو خیر باد کہہ دیا تھا۔