پاکستان میں معمر شہریوں کیلئے ویکسین کی رجسٹریشن کا اعلان  

Vaccine registration for senior citizens announced in Pakistan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی وبا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں اس مہم کیلئے 65 سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

اس بات کا اعلان نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کی جانب سے کیا گیا ہے۔

اسد عمر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایسے تمام شہری جن کی عمر 65 برس یا اس سے زائد ہے وہ عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن میں اپنا نام رجسٹرڈ کرنے کیلئے پہلے اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھیں اور اسے 1166 پر بھیج دیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوتے ہی آئندہ ماہ مارچ سے معمر افراد کو ویکسی نیشن کے عمل کا آغاز کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب مشیر برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک میں موجود تمام میڈیکل عملے اور معمر افراد کی رجسٹریشن کا عمل رواں ہفتے ہی شروع کر دیا جائے گا، اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ ملک میں موجود ساٹھ سال سے زائد معمر شہریوں کی تعداد لگ بھگ پچاسی لاکھ ہے۔ تمام بزرگ شہریوں کو ایسٹرازینیکا ویکسین کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ برطانیہ نے یہ دوا پاکستان کو دینے کا وعدہ کیا ہے۔

ادھر وزارت حکام نے اپنے اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں تقریباً 12 لاکھ کے قریب طبی عملہ کام کر رہا ہے۔ برطانیہ کی جانب سے عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں دینے کا وعدہ کیا گیا ہے جس میں سے 70 لاکھ کے قریب ڈوزز آئندہ ماہ مارچ میں پاکستان پہنچ جائیں گی۔