پی ڈی ایم کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے جلد خود ٹوٹ جائیں گے، مریم نواز شریف

Those who dream of breaking the PDM will soon break themselves, Maryam Nawaz Sharif
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: (دنیا نیوز) لیگی رہنما مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں جو حالات میں دیکھ رہی ہوں، یہ نہ ہو کہ سینیٹ انتخابات کے دوران ہی تحریک عدم اعتماد آ جائے۔ پی ڈی ایم کو توڑنے کے خواب دیکھنے والے جلد خود ٹوٹ جائیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے یہ بات لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام میں اضطراب اور بے چینی ہے۔ ملک میں ہر چیز کی قیمت مہنگی ہو چکی ہے۔ ہم عوام پر مسلط کئے گئے حکمرانوں کو عوام کی طاقت سے روکیں گے۔

انہوں نے سینیٹ انتخابات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش پوری ہےکہ سینیٹ میں اچھے لوگ آئیں۔ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں۔ مسلم لیگ ن نے عوام کی صحیح نمائندگی کا حق ادا کیا اور سب کارکنوں کو ٹکٹ ملے۔ ن لیگ نے ان کو ٹکٹ دیا جن کی سیاسی جدوجہد ہے۔

مریم نواز نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تو کہتے تھے کہ بائیس سال سے جدوجہد کر رہےہیں، بائیس سال سے کوئی ایسا شخص ملا جس کو ٹکٹ دے سکیں؟ جس طرح سے انہوں نے ٹکٹ تقسیم کیے، حکمران جماعت کیخلاف ہر صوبے سے لوگ کھڑے ہو گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جو حالات میں دیکھ رہی ہوں، یہ نہ ہو کہ سینیٹ انتخابات کے دوران ہی تحریک عدم اعتماد آ جائے۔ اس وقت گھٹیا اور دھمکیوں کی سیاست ہو رہی ہے۔ جو کھیل کھیلا جائے گا وہ قوم سے سامنے آ جائے گا۔

اپنی صحت کے معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری صحت سے متعلق بھی ایک مسئلہ ہے، چھوٹی سی سرجری ہونی ہے جو پاکستان میں نہیں ہو سکتی۔ تاہم میں اس حکومت کو کوئی درخواست نہیں کروں گی کہ میرا نام ای سی ایل سے نکالے۔ میرا جینا اور مرنا پاکستان میں ہے۔