پنجاب میں 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منظوری

پنجاب میں 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منظوری
کیپشن: پنجاب میں 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منظوری
سورس: فائل فوٹو

لاہور: وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں کم آمدن والے افراد کے لئے 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اب کم آمدن والے بھی اپنا گھر بنا سکیں اور یہ اپارٹمنٹس 20 سال کی آسان اقساط پر فراہم کئے جائیں گے۔

کابینہ نے درجہ چہارم کے ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ محکمہ بہبود آبادی کے ڈاکٹرز کو خصوصی الاونس دیا جائے گا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں مزید دو سیمیٹ پلانگ لگائیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا پی ڈی ایم کا بیانیہ اور ہر حکمت عملی ناکام ہو گئی ہے جبکہ مریم نواز بیرون ملک جانے کیلئے بہانے تلاش کر رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کی سرجری عمران خان کے ہاتھوں ہی ہو گی جبکہ ن لیگ کے باغی پی ٹی آئی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔ بوریوں میں پڑا پیسہ اب مارکیٹ میں آنے والا ہے اور لیگی قیادت کے قول وفعل میں تضاد ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت صوبائی کابینہ اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس میں فلیٹوں کی الاٹمنٹ کے طریقہ کار کی منظوری دیدی گئی ہے۔

اجلاس میں ایل ڈی اے کو اپارٹمنٹس کیلئے پنجاب بینک کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی گئی۔ پہلے مرحلے میں ایل ڈی اے سٹی میں 4 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔ ایک فلیٹ کی قیمت 27 لاکھ روپے ہو گی۔ اپارٹمنٹس میں 50 فیصد کوٹہ عوام کے لئے ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافی اور وکلا برادری کیلئے ان اپارٹمنٹس میں کوٹہ مختص کرنے کی بھی خصوصی ہدایت کی۔