شام میں اسرائیلی فوج کے ایران کی تنصیبات پر حملے، 6 جنگجو ہلاک

 شام میں اسرائیلی فوج کے ایران کی تنصیبات پر حملے، 6 جنگجو ہلاک
کیپشن: شام میں اسرائیل کا ایران کی تنصیبات پر حملے، 6 جنگجو ہلاک
سورس: فائل فوٹو

دمشق: اسرائیلی فوج نے گولان کے پہاڑوں سے شام میں موجود ایرانی ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانی بنایا جس کے نتیجے میں 6 ایرانی جنگجو ہلاک ہو گئے۔ 

شام کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے درالحکومت دمشق کے مضافات میں متعدد مقامات پر میزائل داگے ہیں اور زیادہ تر میزائل ایرانی تنصیبات جبکہ حزب اللہ کے ٹھکانوں پر لگے۔ 

گولان پہاڑیوں سے داغے گئے اکثر میزائلوں کو قومی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا اور ان حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

دوسری طرف شام میں جنگی حالات پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے راکٹ حملوں میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے چھ جنگجو مارے گئے اور اسلحہ کے ڈپو کو بھی نقصان پہنچا۔

راکٹ حملوں پر اسرائیل اور ایران کی جانب سے کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم اسرائیل ماضی میں بھی ایرانی حمایت یافتہ جنگجوؤں کے خلاف سینکڑوں حملے کر چکا ہے۔