وزیراعظم نے خرم لغاری کو منا لیا، پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا

 وزیراعظم نے خرم لغاری کو منا لیا، پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا
کیپشن: وزیراعظم نے خرم لغاری کو منا لیا، پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

اسلام آباد: وزیر اعظم سے پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے ملاقات کی۔ وزیراعظم سےملاقات میں خرم لغاری نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے خرم لغاری کو حلقے کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

خرم لغاری نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ واپس لے لیا اور اب سینیٹ انتخابات میں تحریک انصاف کےامیدوارکو ووٹ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خرم لغاری کو منانے میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اہم کردار ادا کیا۔ رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے چند روز قبل پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں وہ پارٹی امیدواروں کو ووٹ نہیں دیں گے۔

اس سے قبل صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق صوبائی وزیر عاطف خان کے درمیان موجودہ اختلافات دور ہو گئے۔ دونوں کے درمیان صلح کرانے میں بنیادی کردار گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے ادا کیا ہے اور صلح ہونے کے بعد دونوں رہنماوں کی وزیراعظم عمران خان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے جس میں اکٹھے چلنے پر اتفاق کیا گیا اور پرانے گلے شکوے بُھلانے کا بھی وعدہ ہوا۔ 

سابق صوبائی وزیر عاطف خان نے اس حوالے سے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کے ساتھ تمام اختلافات ختم ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سابق وزیر عاطف خان کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عاطف خان کو سلطان محمد خان کی جگہ صوبائی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ سلطان محمد خان نے سینیٹ انتخابات 2018 سے قبل کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اپنے منصب سے استعفیٰ دیا اور وہ صوبائی وزیر قانون کی حیثیت سے کابینہ کا حصہ تھے۔