ہنی مون پر سیر وسیاحت کے دوران نئی نویلی دلہن کی اجنبی ڈاکٹر سے ٹکر ، پھر خوفناک خبر مل گئی

ہنی مون پر سیر وسیاحت کے دوران نئی نویلی دلہن کی اجنبی ڈاکٹر سے ٹکر ، پھر خوفناک خبر مل گئی

لندن:26 سالہ ڈینیالہ میکلوف کی شادی گزشتہ ماہ ہوئی اور وہ اپنے خاوند کے ساتھ ہنی مون منانے کیلئے قبرص کے جزیرے پر گئی ہوئی تھیں۔ ڈینیالہ کا کہنا ہے کہ ایک شاپنگ مال میں اچانک ایک خاتون ان کے ساتھ ٹکرائیں تو وہ دونوں ایک دوسرے سے معذرت کرنے لگیں۔ اسی دوران اجنبی خاتون کی نظر ان کی گردن پر پڑی اور انہوں نے غور سے دیکھتے ہوئے کہا ۔
آپ کی گردن پر یہ ابھار کیسا ہے؟ آپ نے کبھی ڈاکٹر کو چیک کروایا ؟ “ ڈینیالہ کہتی ہیں کہ انہیں یہ بات سن کر قدے حیرت ہوئی کیونکہ ان کی گردن کا ابھار اتنا معمولی سا تھا کہ کبھی کسی نے اس کی جانب توجہ نہ دی تھی۔ اجنبی خاتون نے ڈینیالہ کو بتایا کہ وہ ایک ڈاکٹر ہیں اورنصیحت کی کہ وہ جلد از جلد اپنا چیک اپ کروائیں۔
جب وہ ہنی مون سے واپس برطانیہ پہنچیں تو شاپنگ مال میں اچانک ملنے والی ڈاکٹر کے الفاظ ان کے ذہن میں اب بھی گونج رہے تھے۔ وہ پہلی فرصت میں ہسپتال گئیں اور اپنا معائنہ کروایا۔ ایڈن بروک ہسپتال آف کیمبرج میں ان کا معائنہ کیا گیا تو ابتدائی طور پر ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ یہ عام نوعیت کی رسولی ہے لیکن بہر حال اسے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جب ڈاکٹروں نے آپریشن کر کے چار سینٹی میٹر قطر کی رسولی نکالی تو پتہ چلا کہ یہ تھائرائڈ کینسرکی رسولی تھی، اور یہ کینسر تیسرے مرحلے میں پہنچ چکا تھا۔ ڈینیالہ کو ڈاکٹروں نے بتایا کہ کینسر تیزی سے بڑھ رہا تھا اور اگر فوری طور پر رسولی نکالی نہ جاتی تو ان کی جان خطرے میں تھی۔ ڈینیالہ اپنی جان بچانے پر بہت خوش ہیں اور اس خاتون ڈاکٹر کی بھی بے حد شکر گزار ہیں جو ان کیلئے فرشتہ ثابت ہوئیں۔