تارکین وطن کا بحران : لیبیا میں کشتی الٹنے سے 100افراد لاپتہ

تارکین وطن کا بحران : لیبیا میں کشتی الٹنے سے 100افراد لاپتہ

طرابلس :لیبیا کے ساحل کے قریب بحیرہ روم میں تارکینِ وطن کی ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں اس میں سوار 100کے قریب افراد کے لاپتہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔اطالوی کوسٹ گارڈز جو کہ ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے جاری کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں کا کہنا ہے کہ سمندر میں سے آٹھ لاشوں کو نکالا جا چکا ہے جبکہ چار افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
تاہم اب بھی درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔اطلاعات کے مطابق تارکینِ وطن کی کشتی اٹلی اور لیبیا کے درمیان لیبیا کے ساحل سے 50کلومیٹر دور سمندر میں الٹ گئی ہے۔امدادی کارروائیاں میں فرانسیسی بحری جہاز، دو تجارتی بیڑے بھجوانے کے علاوہ فضائی مدد بھی دی جا رہی ہے۔ابھی یہ واضح نہیں کہ ان تارکینِ وطن کا تعلق کن ممالک سے ہے۔حالیہ عرصے میں اگرچہ یورپ میں پناہ کی تلاش میں جانے والوں کی تعداد میں کمی تو دیکھنے کو مل رہی ہے تاہم اب بھی سمندر کے پرخطر سفر کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔
جمعے کو بحیرہ روم میں سفر کرنے والے 550تارکین وطن کو اٹلی کے کوسٹ گارڈز نے زندہ بچایا تھا۔یہ بھی سامنے آیا ہے کہ یورپ میں رواں برس کے پہلے دو ہفتوں میں اب تک ایک ہزار تارکینِ وطن کی آمد ہو چکی ہے۔ حالیہ واقعے سے قبل تک 11افراد لاپتہ ہو چکے ہیں۔یو این ایچ سی آر کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس پانچ ہزار افراد سمندر کے راستے یورپ جانے کی کوشش میں ہلاک ہوئے تھے۔