نوازحکومت کا جلد خاتمہ ہونے والا ہے، عمران خان

نوازحکومت کا جلد خاتمہ ہونے والا ہے، عمران خان

ڈیرہ غازی خان: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ  سب لوگ تخت لاہور سے تنگ آ چکے ہیں اور پاناما کیس کے نتیجے میں قوم کو شریف مافیا سے نجات مل جائے گی۔

ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سب لوگ تخت لاہور سے تنگ آ چکے ہیں بلکہ لاہور والے بھی تخت لاہور سے تنگ آ چکے ہیں، اللہ نے پاناما کیس میں نواز شریف کے خلاف سو موٹو نوٹس لے لیا ہے اور پاناما کیس کے نتیجے میں قوم کو شریف مافیا سے نجات مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے قوم کا پیسہ چوری کر کے بیرون ملک اپنے بچوں کو منتقل کیا،شریف خاندان نے اسحاق ڈار کے ذریعے منی لانڈرنگ کی لیکن اللہ کی پکڑ میں آ گئے، اگر ہم کرپشن کے خلاف جنگ جیت گئے تو پاکستان بدل جائے گا، عوام تیار ہو جائیں کیونکہ نواز حکومت کا جلد خاتمہ ہونے والا ہے اور نیا پاکستنا بننے والا ہے، نیا پاکستان نظریے پر بنے گا، ایسا ملک بنائیں گے جہاں ایک عام آدمی کا بچہ سرکاری اسکول میں پڑھ کر ملک کا وزیر اعظم بن سکے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرح فلاحی ریاست بننا تھا لیکن حکمرانوں نے اسے تباہ و برباد کردیا ہے، بدقسمتی سے نا یہاں انصاف ہے اور نا ہی عام آدمی کو تعلیم ملتی ہے جب کہ یورپ میں فلاحی حکومتیں چل رہی ہیں، ہم حکومت میں آنے کے بعد پاکستان کو دنیا کے لئے مثالی ملک بنا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے بعد ڈیرہ غازی خان میں بھی بہترین اسپتال بنائیں گے، سرکاری اسپتالوں میں عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاناما لیکس کے مطابق مے فیئر فلیٹس کی مالک مریم ہیں جبکہ قطری شہزاے کا خط سراسر جھوٹ ہے، اگر پاناما کیس میں نواز شریف نے ثبوت پیش نہ کئے تو ان کی چھٹی ہو جائے گی، مے فیئرز فلیٹس کی مالک مریم ثابت ہوئیں تو بھی نواز شریف کی چھٹی ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کرپشن کے سردار ہیں اور ایف آئی اے بھی نواز شریف کی کرپشن کی رپورٹ دے چکا ہے، کرپشن کی ایک ٹیم بناؤں گا جس کے کپتان نواز شریف ہوں۔ مولانا فضل الرحمان کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ ابھی تک ڈیزل کا احتساب نہیں ہو سکا لیکن ہماری حکومت میں ہر کسی کا احتساب ہو گا اور کرپٹ لوگ جیلوں میں ہوں گے۔