عام انتخابات 2018 کیلئے الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی شروع کر دی

عام انتخابات 2018 کیلئے الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی شروع کر دی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا آج سے آغاز کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نئے ووٹرز کی رجسٹریشن گھرگھر تصدیقی مہم کے بعد ہو گی۔ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے پہلے مرحلے میں تصدیقی عمل کے بعد 73 لاکھ 60 ہزار 279 افراد کا نئے ووٹر کے طور پر اندراج کیا جائے گا۔ 9 لاکھ 23 ہزار 947 ووٹرز کو انتخابی فہرستوں سے خارج کیا جائے گا جن کے انتقال کا ریکارڈ یونین کونسلوں اور نادرا میں موجود ہے۔

پنجاب میں 41 لاکھ 13 ہزار 595 نئے ووٹرز، سندھ میں 14 لاکھ 54 ہزار 398، خیبر پختونخوا میں 10 لاکھ 15 ہزار 327، بلوچستان میں 4 لاکھ 52 ہزار 143، فاٹا میں 2 لاکھ 88 ہزار اور اسلام آباد میں 35 ہزار نئے ووٹرز رجسٹر کیے جائیں گے ۔ نئے رجسٹر ہونے والے ووٹرز میں 40 لاکھ 72 ہزار مرد اور 32 لاکھ 87 ہزار خواتین ووٹرز شامل ہوں گی۔

نئی رجسٹریشن کے بعد انتخابی فہرستوں میں درج ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 40 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں تمام انتخابی فہرستوں کو ہر ضلع کے مقرر کردہ ڈسپلے سینٹرز میں آویزاں کیا جائے گا۔ رائے دہندگان انتخابی فہرستوں کا جائزہ لیکر اندراج منتقلی اور درستگی کے لیے درخواستوں دے سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ موجودہ حکومت جون میں اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جس کے بعد عبوری حکومت اقتدار سنبھالے گی اور 15 جولائی کو جنرل الیکشن کرائے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں