حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس، سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر

حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس، سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر

اسلام آباد: حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس میں نیب نے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی اپیل دائر کر دی۔ نظر ثانی درخواست میں سپریم کورٹ کے 15 دسمبر کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔

نیب نے چالیس صفحات پر مشتمل نظرثانی درخواست دائر کی۔ جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں بینچ نے زائد المیعاد ہونے کی بنیاد پر کیس دوبارہ کھولنے کی اپیل خارج کی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ فیصلے کے پیرا 6، 23، 27 اور 32 پر نظرثانی کرے۔ نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ فریقین کو نوٹسز جاری کیے جائیں۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ 20 اپریل 2017 کو سپریم کورٹ کے 2 ججز نے نواز شریف کو نا اہل قرار دیا، 3 ججز نے معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جے آئی ٹی نے 10 جولائی کو رپورٹ عدالت میں پیش کی اور 20 جولائی کو حدیبیہ کیس میں نظرثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ ہوا جبکہ 21 جولائی کو نظرثانی درخواست دائر کرنے کی عدالت کو یقین دہانی کرائی۔

 سپریم کورٹ نے 3 روز سماعت کے بعد مختصر فیصلے سے اپیل خارج کی اور عدالت کے تفصیلی فیصلے میں نقائص ہیں۔ نیب نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ سپریم کورٹ کے حدیبیہ اپیل کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ نیب کی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل منظور کی جائے اور اپیل پر زائد المیعاد کی قدغن کو کالعدم قرار دیا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں