محکمہ داخلہ پنجاب کو نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس موصول

محکمہ داخلہ پنجاب کو نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس موصول
محکمہ داخلہ پنجاب نے 48 گھنٹوں کے اندر نواز شریف سے ان کی میڈیکل رپورٹس طلب کی تھیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب کو لندن میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس موصول ہو گئیں۔گزشتہ روز نواز شریف کی لندن کے ہوٹل میں لی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو ٹیلی فون کیا تھا اور ان سے پوچھا کہ باہر جا کر وہ کھانا کھا رہے ہیں یہ بیمار ہیں یا تندرست۔


وزیراعظم نے صوبائی وزیر صحت سے نواز شریف کی رپورٹس کے بارے میں بھی دریافت کیا تھا اور کہا کہ نوازشریف کی رپورٹس فوری منگوائیں اور حقائق عوام کے سامنے لائیں۔

بعدازاں محکمہ داخلہ پنجاب نے 48 گھنٹوں کے اندر نواز شریف سے ان کی میڈیکل رپورٹس طلب کی تھیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کو نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس موصول ہو گئی ہیں جس کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ صحت پنجاب کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب ان رپورٹس کو میاں نواز شریف کے علاج کے لیے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کو بھجوائے گا۔

ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ہو گا۔