پاکستان میں عالمی وبا سے مزید 45 مریض انتقال کر گئے، این سی او سی کا ڈیٹا جاری

Another 45 patients died of global pandemic in Pakistan, NCOC data released
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 45 مریض انتقال کر گئے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے جاری ڈیٹا کے مطابق صوبہ پنجاب میں وبائی مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 47 ہزار 953 ہو گئی ہے۔ اس کےعلاوہ اسلام آباد میں 39 ہزار 749، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 567، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882، خیبر پختونخوا میں 62 ہزار 719 اور بلوچستان میں 18 ہزار 515 رپورٹ ہوئی ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کیسز مثبت آنے کی شرح 5.9 فیصد رہی۔ ملک میں عالمی وبا کے مجموعی طور پر 2294 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ایک روز میں 2072 مریض صحتیاب ہوئے۔ اب تک 4 لاکھ 69 ہزار 306 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں وبائی مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 31 ہزار 953، جبکہ انتقال کرنے والوں کی تعدا 10 ہزار 863 ہو گئی ہے۔ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 417 نئے کیس سامنے آئے۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں 40 ہزار 359 ٹیسٹ کیے گئے۔ ملک میں فعال مریضوں کی تعداد 34 ہزار 169 ہو چکی ہے۔ خیال رہے کہ اب تک دنیا بھر میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 کروڑ 35 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے وبائی مرض کے تدارک کیلئے دوا کے حصول کی سرتوڑ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک لاکھوں ادویات کا آرڈر دیا جا چکا ہے، امید ہے کہ آئندہ مہینوں میں اس کی کھیپ پاکستان پہنچ جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کوشش ہوگی کہ ہر پاکستانی اس دوا سے مستفید ہو لیکن طبی عملہ اور بزرگ شہری پہلی ترجیح ہونگے اور سب سے پہلے انھیں ہی حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے۔