طلبہ پڑھائی کیلئے تیار ہو جائیں، 18 جنوری سے سکول کھل جائیں گے

Students get ready for school, schools will open from January 18
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 18 جنوری سے نویں سے بارہویں جماعت تک تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ اس سال کسی بچے کو بغیر امتحان کے پاس نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، اس وقت ملک میں وبائی صورتحال کی شرح ایک اعشاریہ 9 فیصد تھی۔ اب اس کی شرح چھ اعشاریہ 10 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تعلیم کیساتھ ستھ بچوں کی صحت کا بھی خیال رکھنا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال طلبہ کو بغیر امتحانات کے پاس نہیں کیا جائے گا۔ 18 جنوری سے نویں سے بارہویں جماعت تک کی کلاسیں شروع ہو جائیں گی۔ پہلی سے آٹھویں تک کلاسیں اور تمام جامعات بھی یکم فروری سے شروع ہونگی۔

ادھر پنجاب حکومت نے بھی رواں ماہ اٹھارہ جنوری سے صوبے بھر کے تمام سکولوں کو کھولنے کی اجازت دیدی ہے۔ اس بات کا فیصلہ صوبائی کابینہ کی کمیٹی نے کیا۔ اس سلسلے میں جلد سفارشات وفاق کو بھجوا دی جائیں گی۔

تفصیل کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کے معاملے پر اہم اجلاس صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کے زیر صدارت ہوا جس میں اہم حکام نے شرکت کی۔ مراد راس نے اجلاس سے کہا کہ فی الحال نویں اور دسویں تک تعلیم دینے کیلئے سکولوں کو کھول دینا چاہیے۔

تاہم اس موقع پر اجلاس میں موجود صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے دوبارہ کھلنے سے وبائی مرض میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے کا ڈیٹا پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 7 دنوں میں عالمی وبا کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں عالمی وبا کے نئے مریض سامنے آ رہے ہیں اور یہ شرح پانچ فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے صوبہ بھر میں نئے مریضوں کی شرح اوسطاً 5 فیصد رہی۔