حکومت نے بجلی کی قیمت ایک بار پھر بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع

The government has decided to increase the price of electricity again, sources said
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: مہنگائی کی ستائی عوام کیلئے ایک اور بری خبر ہے کہ وفاقی حکومت نے ان پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی ہے۔ خبریں ہیں کہ بجلی کی قیمت میں ایک روپیہ 90 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے اس کڑے فیصلے کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ نجی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حکومت نے ابھی تک اس کا اعلان نہیں کیا تاہم جلد ہی اس بارے عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ خبریں ہیں کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔

نجی میڈیا نے ایک وفاقی وزیر سے بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات بیان کرنے کیلئے پریس کانفرنس بلائی گئی تھی لیکن وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات کے بعد اسے موخر کر دیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق یہ پریس کانفرنس توانائی کمیٹی کے اجلاس کے بعد بلائی گئی تھی، اس کمیٹی کی صدارت وفاقی وزیر اسد عمر نے کی تھی۔ جن وزرا نے پریس کانفرنس کرنا تھی ان میں وزیر منصوبہ بندی کے علاوہ عمر ایوب، شبلی فراز اور معاون خصوصی تابش گوہر بھی شامل تھے۔

وفاقی وزیر نے نجی میڈیا کیساتھ گفتگو میں انکشاف کیا کہ بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان ایک ساتھ ہی کیا جائے گا۔ اس لئے نیوز کانفرنس کو موخر کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی جانب یہ پہلا مرحلہ ہے جس میں ابھی ایک روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے جسے بتدریج 3 روپے 30 پیسے فی یونٹ تک بڑھایا جائے گا۔