ملائیشین حکومت نے پی آئی اے کا طیارہ قبضے میں لے لیا

Malaysian government seizes PIA plane
کیپشن: فائل فوٹو

کوالالمپور: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی وجہ سے پاکستان کو دنیا بھر میں بدنامی کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے کیونکہ ملائیشین حکومت نے پی آئی اے کا طیارہ قبضے میں لے لیا، اس صورتحال میں جہاز کا عملہ بھی وہاں پھنس گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیشیا حکومت کی جانب سے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے بوئنگ 777 کو قبضے میں لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ کوالالمپور پر پیش آیا۔ اس کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔

خبریں ہیں پی آئی اے کی پرواز پی کے آج کراچی سے اڑان بھر کر ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچی تھی۔ عدالت نے اسے قبضے میں لینے کا حکم دیا تھا کیونکہ پی آئی اے کی جانب سے اس کی ابھی تک ادائیگی نہیں دی گئی تھی۔

اس موقع پر پاکستانی مسافروں کی بڑی تعداد طیارے میں موجود تھی، پہلے مسافروں کو طیارے سے اتارا گیا، اس کے بعد ملائیشین حکام نے طیارے کو اپنے قبضے میں لے کر گراؤنڈ کر دیا۔ اس صورتحال میں پی آئی اے کا عملہ جو جہاز کے ساتھ ملائیشیا گیا تھا، وہ بھی پھنس گیا ہے۔ اب عالمی وبا سے انھیں آئسولیشن میں گزارنے پڑیں گے۔

ادھر قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان کی جانب سے بھی طیارے کو قبضے میں لئے جانے کی خبروں کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہ معاملہ حل نہیں ہوتا، مسافروں اور جہاز کے عملے کا پورا دھیان رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر اس معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم یہ انتہائی ناخوشگوار واقعہ ہے۔ دوسری جانب خبریں ہیں کہ پی آئی اے نے یہ طیارہ ویتنام سے 2015ء میں لیز پر حاصل کیا تھا لیکن ابھی تک اس کے واجبات ادا نہیں کئے گئے۔