تائیوان کی پارلیمنٹ میں شدید لڑائی،ارکان آپس میں گتھم گتھا

تائیوان کی پارلیمنٹ میں شدید لڑائی،ارکان آپس میں گتھم گتھا

تائی پی: تائیوان کی پارلیمنٹ میدان جنگ بن گئی،جبکہ  اراکین پارلیمنٹ  آپس میں ناصرف دست و گریبان ہوئے بلکہ مخالفین پر کرسیاں بھی برسائیں جس سے ایوان میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

گزشتہ روز تائیوان کی پارلیمنٹ میں حکومتی اور اپوزیشن  اراکین انفراسٹرکچر بل کے حوالے سے بحث و مباحثہ میں مصروف تھے کہ یہ بحث تکرار اور پھر تکرار ہاتھا پائی کی شکل اختیار کر گئی۔ جب معاملہ گرما گرمی سے بڑھ کر ہاتھا پائی تک جا پہنچا تو  اپوزیشن اراکین نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں۔

ایوان میں بحث کے دوران اراکین نے ایک دوسرے کے خلاف دل کی خوب بھڑاس بھی نکالی، کچھ اراکین آپس میں دست و گریبان ہوئے تو کچھ نے ایک دوسرے پر کرسیوں سے وار کئے جب کہ اپوزیشن جماعت سے تعلق رکھنے والے کچھ اراکین نے بل پیش کرنے والے حکومتی رکن پر پانی کے غبارے بھی پھینکے۔ بعد ازاں سینئر اراکین نے بیچ بچاو کرا کے معاملہ رفع دفع کروایا اور اجلاس کو ملتوی کر دیا گیا۔