ملک میں مون سون کا نیا سسٹم داخل، کراچی میں رات گئے بارش سے پانی جمع ہو گیا

ملک میں مون سون کا نیا سسٹم داخل، کراچی میں رات گئے بارش سے پانی جمع ہو گیا

لاہور:پاکستان میں مون سون کا نیا سسٹم داخل، کراچی میں ملیر اور شاہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے بارش سے پانی جمع ہوگیا، ڈرگ روڈ پر ٹریفک جام سے شہری مشکلات کا شکار رہے، ادھر لاہور، پشاور، زیارت، نوابشاہ اور سانگھڑ میں رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے مون سون کے نئے سلسلے کی خوشخبری سنادی، چار سے پانچ روز تک بادل برسیں گے اور خوب برسیں گے، ڈی جی میٹ ڈاکٹر غلام رسول نے بتایا کہ مون سون کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا، سندھ اور بلوچستان میں بارشیں ہوں گی۔

ہفتے سے پیر کے دوران کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی،آج( اتوار) سے منگل کے دوران ژوب، سبی، نصیرآباد، قلات اور مکران ڈویژن میں تیز ہواں کے ساتھ بادل برسیں گے۔ اتوار سے بدھ کے دوران بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

شدید بارشوں کے باعث دریاں اور ندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے پورے ملک کے لیے الرٹ جاری کردیا ہے۔ لاہور میں تقریبا ایک گھنٹہ بارش سے موسم تو خوشگوار ہوا، ساتھ ہی بارش نے آدھے شہر کو پانی میں ڈبودیا۔

نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ اہم شاہراہوں پر گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔بلوچستان کے علاقے زیارت میں تیز بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں اور ندی نالے بپھر گئے، سیلابی ریلوں کے باعث کئی مقامات پر سیاح پھنس گئے۔ پشاور، نوابشاہ اور سانگھڑ میں بھی رم جھم ہوئی جس سے گرمی کی شدت کم ہوگئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈکریں