الزامات کی بنیاد پر سیاست ہو رہی ہے، کارکردگی کی بنیاد پر نہیں، سعد رفیق

الزامات کی بنیاد پر سیاست ہو رہی ہے، کارکردگی کی بنیاد پر نہیں، سعد رفیق

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم پاکستان کو آگے لیکر جانا چاہتے ہیں لیکن مخالفین ٹانگیں کھینچ رہے ہیں جو پاکستان کے لئے نقصان کا باعث بنے گا۔ گزشتہ چار سالوں سے پاکستان میں یہی سلسلہ چل رہا ہے۔ دھرنے نے ہمارے 2 اہم سال ضائع کیے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا جب سیاسی حملہ ہو تو خاموش نہیں رہا جا سکتا اور جواب دینا پڑتا ہے کیونکہ پاکستان میں الزامات کی بنیاد پر سیاست ہو رہی ہے کارکردگی کی بنیاد پر نہیں۔

پاناما لیکس کیس کو انہوں نے بیرونی اسپانسرڈ سازش قرار دیتے ہوئے کہا اس کیس کے ذریعے مخالفین اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے سپریم کورٹ آمد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے بارے میں بتایا کہ وہ یہاں ریلوے کے کیسز کی وجہ سے آتے رہتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا آپس کی لڑائی میں ایسا لگتا ہے سب ہار گئے ہیں جیتا کوئی نہیں اور اچھا ہوتا سیاسی جماعتیں کارکردگی کی بنیاد پر آگے بڑھنے کی کوشش کرتی۔ عجیب بات ہے جہاں وہ جیت گئے وہاں دھاندلی نہیں اور جہاں ہارے وہاں دھاندلی ہوئی۔

عمران خان سمجھتے ہیں الزام بہتان لگا کر وہ اپنا قد بڑھا لیں گے یہ نہیں ہو سکتا جبکہ جے آئی ٹی پر ہمارے تحفظات تھے مگر ہم مسلسل پیش ہوتے رہے۔ 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں