ملک بھر میں موسلادھابارش ، چھتیں گرنے اور سیلاب میں بہنے سے ماں اور دو بچیوں سمیت 4افراد جاں بحق ، 15 زخمی

ملک بھر میں موسلادھابارش ، چھتیں گرنے اور سیلاب میں بہنے سے ماں اور دو بچیوں سمیت 4افراد جاں بحق ، 15 زخمی

پشاور/لورالائی/لاہور /حیدر آباد :  خیبر پختونخوا،پنجاب،سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارش کے دوران چھتیں گرنے اور سیلاب میں بہنے کے باعث ماں اور دو بچیوں سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔بلوچستان کے شہروں میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، سیلابی ریلے میں بہہ کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔پاراچنار میں کچے مکان کی چھت گرنے سے ماں اور دوبچیاں زندگی کی بازی ہار گئیں،پشاور میں مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور تین بچے زخمی ہوگئے۔

کل سے بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔حیدر آباد میں تیز بارش کیساتھ ہی گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، مختلف مقامات پر سائن بورڈز اور درخت گرنے سے 5افراد زخمی جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔قدم گاہ مولا علی روڈ، اسٹیشن روڈ، حیدر چوک، قاضی عبدالقیوم روڈ، لطیف آباد نمبر دو، آٹھ، نو، دس اور گیارہ کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔موٹر وے پولیس نے مسافروں کو ایم نائن موٹر وے پر غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

صحرائے تھر اور نوابشاہ کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھاربارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لورالائی کی سمالنگ ندی میں بہہ کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا، زیارت میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔زیارت میں تیز بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں اور ندی نالے بپھر گئے، سیلابی ریلوں کے باعث کئی مقامات پر سیاح پھنس گئے۔

پاراچنار میں بارشوں کے باعث ایک کچے مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں ماں اور دو بچیاں جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔پشاور میں بارش اور طوفان کے باعث مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور تین بچے زخمی ہوگئے۔

لاہور میں تقریبا ایک گھنٹہ بارش سے موسم تو خوشگوار ہوا، ساتھ ہی بارش نے آدھے شہر کو پانی میں ڈبودیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ اہم شاہراہوں پر گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق میرپورخاص، حیدر آباد،کراچی ڈویژن، بلوچستان، پنجاب،فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

مصنف کے بارے میں