ایران پاکستان ریل رابطوں میں اضافے پر غور

ایران پاکستان ریل رابطوں میں اضافے پر غور

اسلام آباد،تہران: ایران اور پاکستان کے ریلوے حکام نے دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں میں اضافے کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔

یہ بات ایران ایسٹرن ریلوے کے ڈائریکٹر جنرل مجید ارجوانی نے اسلام آباد میں پاکستان ریلوے کے اعلی حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد ایرانی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جغرافیائی پوزیشن کے پیش نظر اجلاس میں روسی دولت مشترکہ کے ملکوں نیز روس،یورپ اور عراق کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی لین دین میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی۔

ایران کے ایسٹرن ریلوے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ریلوے کے ذریعے مذکورہ تمام ممالک کے ساتھ منسلک ہے اور ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس کے دوران کوئٹہ زاہدان ریلوے لائن کے حوالے سے فنی مسائل اور کوئٹہ، زاہدان، مشہد مسافر ٹرین شروع کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایران کے ایسٹرن ریلوے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ کراچی گوادر، چابہار ریلوے لائن کے منصوبے پر بھی پاکستانی حکام سے بات چیت ہوئی ہے۔

مصنف کے بارے میں